سندھ حکومت کا بی ایڈ کیلئے عمر کی حد ختم کرنے کا فیصلہ

11:10 PM, 8 Sep, 2020

کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے تدریس کے پیشے میں دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے ٹیچنگ کورس بی ایڈ کے لیے عمر کی حد ختم کرنے کا اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی زیر صدارت طویل عرصے بعد سندھ ٹیچرز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ہوا جس میں اراکین کی جانب سے ٹیچنگ کورس بی ایڈ کے لیے عمر کی حد میں اضافے کی تجویز سامنے آئی۔

اس معاملے پر شرکاء نے مختلف رائے دی تاہم وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا کہ علم کے حصول کے لیے عمر کی پابندی نہیں ہونی چاہیے، علم کو عمر کی پابندی سے محدود کرنا درست نہیں۔

شرکاء کی مشاورت کے بعد اجلاس میں میں بی ایڈ کرنے کے لیے عمر کی حد ختم کرنے کا اہم فیصلہ کیا گیا جس پر وزیر تعلیم نے کہا کہ اس حوالے سے جلد قانون سازی بھی کی جائے گی۔خیال رہے کہ ٹیچنگ کورس بی ایڈ کے لیے عمر کی حد 28سال مقرر تھی۔

مزیدخبریں