فیٹف کی مطلوبہ ضروریات پوری کرنے کیلئے قانون سازی ناگزیر ہے، شبلی فراز

08:50 PM, 8 Sep, 2020

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ ملکی معیشت اور عوام کیلئے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی مطلوبہ ضروریات پوری کرنے کیلئے قانون سازی ناگزیر ہے۔

وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کو ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر منفی سیاست سے گریز کرنا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں شبلی فراز کا کہنا تھا کہ حکومت کورونا کے تناظر میں مہنگائی کے اثرات کم کرنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔ امید ظاہر ہے کہ حکومت مہنگائی پر قابو پا لے گی۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ اجلاس میں کراچی اور اندرون سندھ میں شدید بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے گوادر میں زائرین کیلئے فیری سروس شروع کرنے اور غیر فعال بجلی گھروں کو بند کرنے کی بھی منظوری دی۔

شبلی فراز نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے نادار اور بے گھر افراد کی سہولت کیلئے ملک بھر میں پناہ گاہوں کا نیٹ ورک بڑھانے کی منظوری دی ہے۔ پناہ گاہ کی تجویز وزیراعظم عمران خان کے ویژن کا حصہ ہے کیونکہ وہ غربا اور نادار لوگوں کو چھت فراہم کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

مزیدخبریں