اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف کی واپسی کی ذمہ داری فروغ نسیم اور شہزاد اکبر کو سونپ دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو واپس لانے کی بات ہوئی ہے لیکن عملی اقدام بھی ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی متحدہ اور نوازشریف جیسے لوگ دوسرے ملکوں کا اثاثہ بن جاتے ہیں، ایسے لوگوں کو واپس لانے کے لیے پیچیدگیاں حائل ہوتی ہیں لیکن کوشش جاری رکھنی چاہیے۔فواد چودھری کا کہنا تھا کہ غیر روائتی معاشی پالیسیوں کو دیکھ کر آگے بڑھنا ہوگا، ٹیکنالوجی کی جدت سے ہی قوموں کی ترقی ہوتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بھنگ سے مضبوط دھاگہ بنتا ہے جو کہ صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ بھنگ کو میڈیکل کے شعبے میں بھی استعمال کر کے فائدہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔فواد چودھری کا کہنا تھا کہ بھنگ کی کاشت سے متعلق بات پر لاعلم لوگ تنقید کرتے ہیں، بھنگ کی کاشت کا لائسنس ہر شخص کو نہیں دیا جاتا نہ ہی اس کی نجکاری ہوئی۔وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا تھا کہ زراعت کے شعبے میں اصلاحات لائیں گے جس کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔خیال رہے کہ چند روز قبل وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ وفاقی کابینہ نے بھنگ کے طبی اور صنعتی استعمال کے لیے پہلے لائسنس کی منظوری دے دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ پہلا لائسنس وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (پی سی ایس آئی آر) کو جاری کیا گیا۔