مانچسٹر: ایشز سیریز، آسٹریلیا کی مانچسٹر ٹیسٹ پر گرفت مضبوط ہو گئی، ٹیسٹ کے چوتھے روز کینگروز نے اپنی دوسری اننگز 186 رنز 6 کھلاڑی آﺅٹ پر ڈیکلیئر کرکے انگلینڈ کو 383 رنز کا ہدف دے دیا، سٹیو سمتھ نے 82 رنز بنائے۔
انگلینڈ نے کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 18 رنز بنا لئے۔ مانچسٹر میں جاری ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 301 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی اور اسے 196 رنز کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا، جوز بٹلر 41 ، بین سٹوکس 26 ، جونی بیرسٹو 17 ، سٹورٹ براڈ 5 اور جوفرا آرچر ایک رن بناکر آﺅٹ ہوئے، آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزلووڈ نے چار جبکہ مچل سٹارک اور پیٹ کمنز نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
آسٹریلیا کی دوسری اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی چار وکٹیں 44 کے مجموعی سکور پر گر گئیں، ڈیوڈ وارنر صفر، مارکس ہیرس 6، مارنس لیبسچینج 11 اور ترواس ہیڈ 12 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے۔
اس موقع پر ان فارم بیٹسمین سٹیو سمتھ اور میتھیو ویڈ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 105 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 149 تک پہنچا دیا، سمتھ 82 اور میتھیو ویڈ 34 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے، 186 کے مجموعی سکور پر آسٹریلیا کے کپتان ٹم پائن نے اننگز ڈیکلیئر کر دی، جوفرا آرچر نے تین اور سٹورٹ براڈ نے دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، کینگروز نے پہلی اننگز میں 196 رنز کی برتری کی بدولت میزبان ٹیم کو 383 رنز کا ہدف دیا۔
انگلینڈ کی دوسری اننگز کا آغاز بھی مایوس کن رہا اور اس نے کھیل کے اختتام پر 18 رنز پر دو وکٹیں گنوا دیں، روری برنز اور کپتان جو روٹ صفر پر آﺅٹ ہوئے، دونوں وکٹیں پیٹ کمنز نے حاصل کیں، انگلینڈ کو ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز جیت کےلئے 365 رنز درکار ہیں۔