اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کابینہ میں مزید 4 وزراء کو شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کر لیا، کابینہ میں مزید 4 وزراء شامل کیے جائیں گے۔ وفاقی کابینہ میں شامل کیے جانے والے نئے وزراء میں عمر ایوب، علی زیدی، محمد میاں سومرو اور مراد سعید شامل ہیں۔ عمر ایوب وفاقی وزیر برائے توانائی، علی زیدی بحری امور اور محمد میاں سومرو وزیر نجکاری ہوں گے۔ مراد سعید کے قلمدان کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی موجودہ کابینہ 23 ارکان پر مشتمل ہے جس میں 17 وزراء اور 5 مشیر شامل ہیں جبکہ شہریار آفریدی کو حال ہی میں وزیر مملکت برائے داخلہ کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ 4 نئے وزراء کی شمولیت کے بعد وزیراعظم عمران خان کی کابینہ ارکان کی تعداد 28 ہوجائے گی۔