ریٹائرمنٹ کے بعد ڈیم پر پہرے کیلئے جھونپڑی بنا کر رہنا پڑا تو رہوں گا، چیف جسٹس

04:36 PM, 8 Sep, 2018

لاہور: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد ڈیم پر پہرہ دوں گا،اس کے لئے ڈیم پرجھونپڑی بنا کر رہنا پڑا تو رہوں گا۔

چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کا پانی سے متعلق بیان خوش آئند ہے،ڈیم کے فنڈ سے متعلق فیصلہ ہماری اجازت سے کیا گیا۔ جلد سپریم کورٹ پانی پربین الاقوامی کانفرنس کرائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ڈیم بنانا ہے اوربیرونی قرضے اتارنے ہیں،کرپشن پرقابو پالیا تو یہ ملک بہت جلد ترقی کرے گا، ڈیمزکی تعمیرملکی ترقی کے لیے ناگزیرہے،ہمیں اپنے وسائل سے ڈیمز کی تعمیر کرنی ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ جو کچھ اس دھرتی نے ہمیں دیا ہے آج اسے لوٹانے کا وقت آگیا ہے،سپریم کورٹ نے خو اقدام اٹھایا تھا آج وہ پوری قوم کی آوازبن چکا ہے،یہ ملک نہ ہوتا توشاید میں آج کسی بینک میں مینجرہوتا۔نئی نسل تقاضہ کر رہی ہے کہ آپ ہمیں کیا دے کرجائیں گے،کیا آپ آنی والی نسل کو مقروض چھوڑ کر جانا چاہتے ہیں۔

واضح رہے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ڈیموں کی تعمیر کے لیے ایک فنڈ قائم کیا تھا اور ابتدائی طور پر انہوں نے خود اس میں 10لاکھ روپے جمع کروائے تھے۔

مزیدخبریں