لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اوراپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ بھاشاڈیم کیلئے ہماری حکومت نے 122ارب روپے خرچ کیے، بھاشا ڈیم کیلئے زمین خریدی اور فزیبلٹی رپورٹ بھی تیار کروائی، حکومت بھاشا ڈیم کیلئے ضرور پیسے اکٹھے کرے،لیکن بجلی پیدا کرنے والے حصے کیلئے توپیسے اکٹھے کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ،4000ہزار میگاواٹ بجلی بلاتاخیر پیدا کی جاسکتی ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کا ایک کمیشن بنایا جائے اس میں تمام جماعتوں کے لوگ شامل ہوں۔ پارلیمانی کمیشن کودھاندلی کی تہہ تک پہنچنے کیلئے مکمل اختیار دیا جائے۔پارلیمانی کمیشن عوام کوحقائق سے آگاہ کرے اور آئندہ کیلئے حل بھی پیش کرے۔17اگست کو عمران خان نیازی نے مجھے بلامشروط کہا کہ شہبازشریف صاحب ہم کمیشن بنانے کیلئے تیار ہیں اور میں خود اس کا اعلان کروں گا۔لیکن آج 3ہفتے گزر گئے اور اس کااعلان نہ ہوسکااور نوٹیفکیشن بھی جاری نہ ہوسکا۔انہوں نے کہا کہ جب تک کمیشن نہیں بنتا ، ہم کسی کاروائی کوآگے نہیں بڑھنے دیں گے۔عمران خان کوکسی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے،خاں صاحب کواپنا وعدہ پورا کرنا ہوگا۔شہبازشریف نے کہا کہ پہلے 20دنوں میں گیس، بجلی اور کھاد کی قیمتوں میں ہرشربا اضافہ کردیا گیا ہے۔
گیس کی قیمت میں 40فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔پاکستان کی تاریخ میں اس سے پہلے اتنا بڑا اضافہ کبھی نہیں کیا گیا۔گیس کی قیمتوں میں اس قدر اضافہ لوگوں کی زندگیوں کوشدید متاثر کرے گا۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں کوہمیں کم کرنا چاہیے کہ ہم صنعتوں کی پیدوار کوبڑھا سکیں۔تاکہ انٹرنیشنل سطح پرمقابلے میں آسکیں۔ لیکن ہمارے دور میں بجلی کی قیمتوں میں کیے گئے اضافے کوختم کردیا گیا ہے۔3روپے سستی کی تھی۔ سی پیک ہمارے لیے ایک تحفہ ہے۔پنجاب اور وفاق نے بجلی کے منصوبے اپنے وسائل سے لگائے ہیں۔سی پیک کے تحت ہزاروں میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائے گئے۔پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہزاروں میگاواٹ کے منصوبے جوآدھی قیمت میں لگائے گئے ہیں۔جس سے بجلی سستی ہوئی۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہمارے دور میں کھاد کی قیمتوں کوکم کرنے کیلئے سبسڈی دی گئی اور کھاد کوسستا کیا گیا۔
اربوں کی سبسڈی کوختم کردیا گیا جبکہ کھاد کی آٹھ سو روپے قیمت بڑھا دی گئی۔حکومت کے اقدامات سے غریبوں کیلئے زیادتی اور تذلیل کا بندوبست کیا گیا ہے۔لیکن ہم بتادیں کہ ہم غریبوں کی آواز بنیں گے ،غریبوں سے کبھی زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔شہبازشریف نے کہا کہ حکومت نے ڈیمز فنڈز کیلئے پیسے اکٹھے کرنے کا اعلان کیا ہے۔شوق سے پیسے اکٹھے کریں ،ہماری حکومت نے بھاشاڈیم کیلئے 122ارب روپے خرچ کیے اور زمین خریدی جبکہ فزیبلٹی تیار کروائی۔انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ کا سلسلہ ختم کردیا ہے۔بھئی یہ لیپ ٹاپ امیروں کونہیں بلکہ تمام بچوں کوملتے تھے۔ دانش سکول بھی بند کیے جارہے ہیں۔دانش سکول توغریبوں کے بچوں کیلئے لیے تھے۔