وزیراعلیٰ ہاؤس خیبرپختونخوا میں سوئمنگ پول کی تعمیر کا منصوبہ منسوخ

11:32 AM, 8 Sep, 2017

پشاور: کڑی تنقید کے بعد خیبرپختونخوا حکومت نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے احاطے میں سوئمنگ پول کی تعمیر کا منصوبہ منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔ یاد رہے کہ صوبائی مواصلات اور ورکس ڈپارٹمنٹ نے چند روز قبل وزیراعلیٰ ہاؤس میں 1 کروڑ 85 لاکھ روپے کی لاگت سے سوئمنگ پول کی تعمیر کے لیے ٹینڈر جاری کیا تھا۔ تاہم متعدد ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر اس خبر کے تذکرے کے بعد یہ معاملہ ایک وائرل نیوز کی صورتحال اختیار کر گیا۔

جمعرات کو خیبرپختونخوا حکومت کے متعلقہ محکمے کی جانب سے اخبارات کو تصحیح جاری کی گئی جس میں سوئمنگ پول کی تعمیر کے حوالے سے شائع ہونے والے اشتہار کو منسوخ کیے جانے کا اعلان کیا گیا۔ بعد ازاں شام میں وزیراعلیٰ ہاؤس سے بھی ایک برہم بیان سامنے آیا۔

وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے ترجمان نے اس معاملے پر میڈیا کے ردعمل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ’جزوی‘ اور ’رپورٹنگ کا جنونی انداز‘ قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ اس منصوبے کا مقصد وزیراعلیٰ ہاؤس کو صوبائی حکومت کے گیسٹ ہاؤس کی حیثیت دینا تھا جہاں معروف مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کار اور ٹیکس دہندگان قیام کر سکیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ منصوبہ وزیراعلیٰ ہاؤس کی تزئین و آرائش کا حصہ تھا جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک وزیراعلیٰ ہاؤس کی انیکسی کے سامنے اپنی رہائش گاہ میں ہی قیام پذیر رہتے ہیں۔  وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق ذاتی دلچسپی کی بنا پر چند گروپس نے اس منصوبے کو سیاسی کر دیا جس کے بعد وزیراعلیٰ نے اس کی منسوخی کی ہدایات جاری کیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

 

مزیدخبریں