سمندری طوفان ارما نے تباہی مچا دی،12لاکھ افراد متاثر

10:26 AM, 8 Sep, 2017

واشنگٹن :سمندری طوفان نے تباہی مچا دی، طوفان ’ارما‘ کریبیئن جزائر میں تباہی مچانے کے بعد اب ہیٹی، کیوبا سمیت بحر اوقیانوس کے زیریں جانب بڑھ رہا ہے۔ طوفان کے باعث اب تک 14 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔بین الاقوامی امدادی ادارے آئی آر سی کا کہنا ہے طوفان سے اب تک 12 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ یہ تعداد مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

غربت زدہ ہیٹی کے اس سمندری طوفان کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہونے کا خطرہ ہے کیونکہ ہیٹی تاحال 2010 میں آنے والے زلزلے کے باعث ہونے والی تباہی سے نمٹ رہا ہے۔جزائر ٹرکس اینڈ کیکس میں بھی اطلاعات کے مطابق طوفان آنے کا خطرہ موجود ہے، جہاں ممکنہ طور پر معمول سے ہٹ کر 20 فٹ بلند تباہ کن لہریں آ سکتی ہیں۔

خیال رہے کہ ارما نامی سمندری طوفان کیٹیگری پانچ کا طوفان ہے۔یہ سمندری طوفان ممکنہ طور پر سب سے بلند درجے پر ہے اور اس کے ساتھ چلنے والی ہوائیں 185 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھ رہی ہیں۔حکام کے مطابق اب تک خطے میں اس طوفان کے باعث 14 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

امدادی ادارے ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق ارما سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 12 لاکھ ہے جبکہ یہ تعداد تیزی سے بڑھ کر دو کروڑ 60 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔نکاسی آب کا نظام خراب ہونے کے باعث وبائی امراض پھیلنے کا بھی خطرہ درپیش ہو گیا ہے۔

سمندری طوفان ارما کیوبا سے ہوتا ہوا اتوار کو امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکرائے گا۔ کیوبا کے ساحل پر سیاحتی مقامات پر ہزاروں سیاح موجود ہیں۔ ان سیاحوں کو طوفان سے خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔برطانیہ، فرانس اور نیدر لینڈ نے طوفان میں ہنگامی حالات پر قابو پانے کے لیے اپنے بحری جہاز بھجوائے ہیں۔

مزیدخبریں