بانی پی ٹی آ ئی اور گنڈاپور کے خلاف اقدام قتل، دہشتگردی اور ریاست پر حملے کا مقدمہ درج

بانی پی ٹی آ ئی اور گنڈاپور کے خلاف اقدام قتل، دہشتگردی اور ریاست پر حملے کا مقدمہ درج

اسلام آباد:   اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف اقدام قتل اور دہشتگردی کا  ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔

مقدمہ سرکار کی مدعیت میں تھانہ نون میں درج کیا گیا ہے، مقدمے میں اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی سمیت 12 دفعات شامل ہیں۔اعظم سواتی، عمر ایوب، بیرسٹر سیف، پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر عامر مغل، حفیظ الرحمٰن ٹیپو سمیت 2000 سے 2500 تک نامعلوم افراد بھی مقدمے میں نامزد ہیں۔

مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس کے کانسٹیبل عبد الحمید کو اغواء کر کے تشدد کیا گیا، بانی پی ٹی آئی اور علی امین گنڈاپور کی ایما پر مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا۔ مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر ڈنڈوں، پتھروں اور آہنی راڈوں سے حملے کیے، انہوں نے پولیس اہلکاروں کی وردیاں پھاڑیں اور اہلکاروں پر فائرنگ بھی کی۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مظاہرین نے آنسو گیس کی شیلنگ کی، سرکاری اور عوامی املاک کو جلایا، حکومت اور ریاست کے خلاف نعرے بھی لگائے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران اسلام آباد پولیس کے اہلکار عبدالحمید کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا جس سے اسپتال میں دو روز زیر علاج رہا اور دم توڑ گیا۔

مصنف کے بارے میں