کراچی : پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار مظہر علی طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔
تفصیلات کے مطابق اداکار مظہر علی ان دنوں کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں زیرِ علاج تھے جہاں وہ آج خالق حقیقی سے جا ملے۔
مظہرعلی کے انتقال کی تصدیق ان کے اہلِ خانہ کی جانب سے کی گئی، مرحوم اداکار کی نمازِ جنازہ آج کراچی میں بعد نمازِ مغرب طیبہ مسجد ناظم آباد نمبر 3 میں ادا کی جائے گی۔
بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے سینیئر ورسٹائل اداکار مظہر علی طویل عرصے سے دل اور پھیپھڑوں کے امراض میں مبتلا تھے، انہوں نے 1980/90ء کی دہائی میں طویل عرصے تک ٹی وی ناظرین کو اپنی شاندار اداکاری کے سحر میں جکڑے رکھا۔
ان کے مشہور ڈراموں میں عروسہ اور افشاں نمایاں ہیں، اس کے علاوہ شاہین، کالی دیمک اور کانچ کی گڑیا سے بھی انہیں کافی شہرت حاصل ہوئی۔
معلوم ہوا ہے کہ مظہرعلی فیملی سمیت کینیڈا میں مقیم تھے، بیماری کی وجہ سے کافی عرصہ امریکہ کے ایک ہسپتال میں بھی انتہائی تشویشناک حالت میں زیر علاج رہے جہاں ان کے دل کی سرجری کی گئی تاہم بدقسمتی سے اس کے بعد ان کا دل مزید متاثر ہوگیا اور وہ کئی روز وینٹی لیٹر پر رہے۔