ہرات: زلزلے سے افغانستان میں بڑی تباہی ہوئی ہے۔ افغانستان میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔وزارت آفات کے مطابق افغانستان میں زلزلے سے اموات کی تعداد 2 ہزار 53 ہو گئی ہیں۔ وزارت آفات کا کہنا ہے کہ زلزلے سے 9 ہزار 240 افراد زخمی اور ایک ہزار 328 گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔
افغان حکام کے مطابق افغانستان کے صوبے ہرات میں گزشتہ دوپہر 6.3 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔ زلزلے کی گہرائی 76 کلو میٹر تھی جبکہ مرکز شمال مغربی افغانستان تھا۔حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے سے زندہ جان اور غوریان اضلاع کے 12 دیہات مکمل تباہ ہوئے۔
انفرا اسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا جبکہ بادغیس اور فرح صوبے میں بھی آفٹر شاکس محسوس کیے گئے۔۔حکام نے بتایا ہے کہ متعدد عمارتیں اور مکانات منہدم ہوگئے ہیں جن کے ملبے تلے لوگ دبے ہیں۔
زلزلے کے باعث نیٹ ورک کنکشنز کو بھی نقصان پہنچا ہے اور متاثرہ علاقوں میں موجود لوگوں سے رابطہ نہیں ہورہا ہے۔رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکے ایران، ترکمانستان اور ازبکستان میں بھی محسوس کیے گئے۔