سیالکوٹ: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ نئی آڈیو لیکس سے معلوم ہوا کہ عمران خان خود ووٹ خریدنے اور بیچنے میں ملوث ہیں ۔
پریس کانفرنس میں خواجہ آصف نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا کہنا تھا جو ووٹ بیچتا ہے وہ شرک کرتا ہے ۔ عمران خان کا کہنا تھا ووٹ بیچنے والوں کے بچوں کو رشتے بھی نہیں ملیں گے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ راناثنا اللہ کے وارنٹ اس لیے جاری کیے کہ وہ ان کے لانگ مارچ میں رکاوٹ ہے ۔ عمران خان کے پہلے لانگ مارچ کا حشر سب نے دیکھ لیا ۔
وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ عمران خان نے 7،8 سال پہلے ایک بیانیہ بنا کر الیکشن لڑا ، عمران خان نے کہا تھا ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر دیں گے ۔ اس کے علاوہ عوام کو مرغیاں اور کٹے دینے کا بھی کہا تھا ۔ عمران خان نے اقتدار میں آنے سے پہلے جتنے بیانیے گھڑے کوئی پورا نہ ہوسکا ۔ عدم اعتماد کے موقع پر عمران خان نے حقیقی آزادی کا بیانیہ گھڑا ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کو کسی کی وفا داری پیاری نہیں ہے ۔ ہمیں پنجاب حکومت سے کوئی خوف نہیں ہے ۔