لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس میں بیٹھ کر منڈی لگائی اور ضمیر فروشی کی ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان نے آڈیو میں خود کہا میں نے 5 بندے خرید لئے ہیں ، عمران خان نے جو 5 ووٹ خریدے ان کیلئے پیسے کہاں سے آئے ؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان فراڈ اور جھرلو کے ساتھ وزیراعظم بنے تھے ۔ علیمہ خان کو دبئی اور امریکا میں اثاثے چھپانے پر این آر او عمران خان نے دیا ۔ عمران خان کے دور میں این آر او دیا گیا ۔ فرح گوگی کو کچھ عرصہ پہلے پنجاب حکومت نے کلین چٹ دی ۔ عمران نیازی اپنے دور میں دیئے گئے این آر اوز کا حساب دیں ۔ عمران خان کا سارا ڈرامہ اور جھوٹ بے نقاب ہوچکا ہے ۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان کے دور میں ہیلی کاپٹر کیس بند کر دیا گیا ، بلین ٹری سونامی منصوبے میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی ، عمران نیازی! وقت آگیا ہے تمہیں قوم کو جواب دینا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالت اور قانون کا احترام کرنے والے لوگ ہیں ، چاہے گورنر ، وزیر قانون یا کوئی بھی ہو وہ قانون اور عدالت سے بالاتر نہیں ۔ احتساب عدالت اسلام آباد نے نواز شریف کو 100 دن روزانہ طلب کیا ، نواز شریف اپنی بیٹی کے ہمراہ ہر روز عدالت پیش ہوتے تھے ۔ نواز شریف نے عدالت سے کوئی این آر او نہیں مانگا ۔
شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف ، مریم نواز اور مجھ سمیت حمزہ شہباز نے نیب کے عقوبت خانوں میں بدترین ظلم برداشت کیا ، پارٹی کے ساتھیوں نے خندہ پیشانی سے تمام مصائب کا سامنا کیا ۔ تمام پارٹی رہنماؤں نے صعوبتیں برداشت کرتے ہوئے جیلیں کاٹیں ۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو نیب کے اصل قانون اور میرٹ پر بریت ملی ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے مریم نواز کو کیس میں الزام ثابت نہ ہونے پر بریت دی ۔