لاہور : مینار پاکستان واقعہ میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ گریٹر اقبال پارک کی متاثرہ عائشہ کے بیان پر ریمبو سمیت 13افراد کو نامزد کیا گیا جن میں سے 8 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
نیو نیوز کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور شارق جمال خان کی سربراہی میں تفتیشی ٹیم کو اہم کامیابی ملی ہے۔شارق جمال کا کہنا ہے کہ عائشہ کے بیان کے بعد گریٹر اقبال پارک کے مرکزی ملزم عامر سہیل عرف ریمبو سمیت 8افراد کو حراست میں لے لیا ۔نامزد دیگر افراد کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پولیس کو اپنے بیان میں عائشہ اکرم نے تمام واقعہ کا ذمہ دار اپنے ساتھی ریمبو کو ٹھہرا یا تھا۔عائشہ نے ڈی آئی جی انوسٹی گیشن کو تحریری بیان جمع کرایا تھا۔
عائشہ نے ڈی آئی جی انوسٹی گیشن کو تحریری بیان میں کہا تھا کہ تمام واقعہ کا ذمہ دار ریمبو ہے۔گریٹر اقبال پارک جانے کا پلان ریمبو نے ہی بنایا تھا ۔ ریمبو نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ میری نازیبا ویڈیوز بنارکھی ہیں ۔
عائشہ اکرم کا کہنا تھا کہ ویڈیوز کی وجہ سے ریمبو مجھے بلیک میل کرتا رہا ۔ ریمبو مجھے بلیک میل کرکے دس لاکھ روپے لے چکا ہے ۔ میں اپنی تنخواہ میں سے آدھے پیسے ریمبو کو دیتی تھی ۔
متاثرہ خاتون کے مطابق ریمبو اپنے ساتھی بادشاہ کے ساتھ مل کر ٹک ٹاک گینگ چلاتا ہے ۔ ڈی آئی جی انوسٹی گیشن شارق جمال نے عائشہ اکرم کے بیان پر بات کرنے سے انکار کردیا۔