دنیا افغانستان میں بحران سے بچنے کیلئے مدد کرے: قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ

دنیا افغانستان میں بحران سے بچنے کیلئے مدد کرے: قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق اجلاس میں افغانستان میں سنگین انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ۔ 

اعلامیہ کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں سروسز چیفس،وفاقی وزرا اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان نے شرکت کی ہے ۔اجلاس میں افغانستان کی مجموعی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیاہے۔ وزیراعظم عمران خان کو خطے کی سیکیورٹی صورتحال سمیت افغانستان کی موجودہ صورتحال اور اس کے پاکستان پراثرات پربریفنگ دی گئی ہے۔ 

اعلامیہ میں بتایاگیا کہ قومی سلامتی کمیٹی کی جانب سے پرامن اور مستحکم افغانستان کے لئے پاکستان کے بھرپور عزم کا اعادہ کیا گیا ہے جبکہ شرکا نے بین الاقوامی برادری کے فوری کردار پر زور دیتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ  دنیا افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لئے مدد فراہم کرے۔ 

وزیراعظم نے افغانستان کی صورتحال سے متعلق مربوط پالیسی اور کوششوں سمیت افغان حکومت کیساتھ تعمیری سیاسی اور معاشی روابط کی اہمیت پر زور دیااور ہدایت کی کہ افغانستان میں کوششوں کو ہم آہنگ کرنے کے لیے خصوصی سیل قائم کیاجائے جو کہ موثر بارڈر مینجمنٹ اور کسی بھی منفی پھیلاؤکو روکنے کے لیے کام کرے گااور افغانستان کے لیے انسانی امداد کے بین الاقوامی روابط میں کردار ادا کرے گا۔