وزیراعلیٰ پنجاب سے سیف اللہ خان نیازی کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر گفتگو

04:01 PM, 8 Oct, 2021

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے ملاقات کی ، ملاقات میں سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر گفتگو کی گئی ۔

اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پارٹی عہدیداران اور کارکنان ہمارا اثاثہ ہیں ۔ لاہور کے پارٹی عہدیداران اور کارکنان سے ملاقات بہت سودمند رہی ۔ ہر ضلع کے پارٹی عہدیداران اور کارکنان سے ملاقاتوں کا شیڈول مرتب کر لیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈرز ، عہدیداران اور کارکنوں کو ان کا جائز مقام دیں گے ۔ پارٹی عہدیداران اور کارکنان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے میکانزم تیار کر لیا ہے ۔ عہدیداران اور کارکنان سے کوئی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ پارٹی کارکنان کے جائز کام ہر صورت ہوں گے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف نے اقتدار میں آکر تین دہائیوں کے سٹیٹس کو توڑا ہے ۔ ہماری حکومت گڈ گورننس اور شفافیت پر یقین رکھتی ہے ۔ کسی کا ناجائز کام کیا نہ کسی کو کرنے دیا ۔ حکومت پر ایک بھی کرپشن کا الزام نہیں ۔ چیلنجز بہت زیادہ ہیں لیکن ہمارا حوصلہ اس سے بلند ہیں ۔ نئے بلدیاتی نظام کے مسودے کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ۔

عثمان بزدار نے مزید کہا کہ اگلے برس میں بلدیاتی انتخابات کرانا چاہتے ہیں ۔ مقامی حکومتوں کو مکمل بااختیار بنائیں گے ۔ صحت انصاف ہیلتھ کارڈ ، کسان کارڈ اور مزدور کارڈ کا اجراء کیا ہے ۔ دسمبر تک پنجاب کے ہر شہری کو صحت انصاف ہیلتھ کارڈ فراہم کردیا جائے گا ۔

سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبے کی ترقی کیلئے پائیدار اقدامات کئے ہیں ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار شو بازی کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں ۔ پی ڈی ایم تنکوں کی طرح بکھر چکی ہے ۔

مزیدخبریں