اتوار کو اسکولوں میں ویکسی نیشن کا خصوصی دن منایا جائے گا: ڈاکٹر فیصل سلطان

02:06 PM, 8 Oct, 2021

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا ویکسی نیشن بچوں کیلئے محفوظ ہے ۔ اتوار کو اسکولوں میں ویکسی نیشن کا خصوصی دن منایا جائے گا ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا ابھی ختم نہیں ہوا ، خطرہ ابھی ٹلا نہیں ۔ کورونا کے باعث طلبا کا بہت تعلیمی نقصان ہوا ، اس لیے کورونا ویکسین کیلئے عمر کی حد 12 سال تک لے کر گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں ویکسی نیشن پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ والدین بچوں کی ویکسی نیشن ضرور کرائیں ، لاپرواہی نہ برتیں ۔

معاون خصوصی نے کہا کہ 6 کروڑ سے زائد افراد کو جزوی یا مکمل طور پر ویکسین لگ چکی ہے ۔ ملک میں کورونا ویکسی نیشن اچھے طریقے سے جاری ہے ۔ کورونا وبا میں حکومت کا ساتھ دینے پر عوام کے مشکور ہیں ۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا سے مزید 26 افراد انتقال کر گئے ہیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 28 ہزار 58 ہو گئی ہے ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے مطابق ، 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 912 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ، 45 ہزار 619 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے جبکہ کورونا سے متاثرہ 2 ہزار 763 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔

این سی او سی کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ملک بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 56 ہزار 233 ہو گئی جبکہ مثبت کیسز کی شرح 1.99 فیصد رہی ۔

مزیدخبریں