نیویارک:پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں واضح کیا ہے کہ بھارت تحریک طالبان اور جماعت الاحرار جیسی کالعدم تنظیموں کو پاکستان کے عسکری اور سول اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے سرحد پار دہشت گردی کی طرف دھکیل رہا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کے فرسٹ سیکریٹری جہان زیب خان نے سکستھ کمیٹی جنرل ڈیبیٹ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی کارروائیوں کے نتیجے میں ہزاروں پاکستانی جاں بحق یا زخمی ہوئے۔پاکستانی سفارت کار کا بیان بھارت کے اس مطالبے کے بعد آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ انتقام کے ارادے سے ممالک کی جانب سے معصوم شہریوں کو دہشت گردی قرار دینے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غلط استعمال نہیں ہونا چاہیے۔
بھارت نے یہ موقف بظاہر اپنے دوشہریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی 1267 پابندی کمیٹی میں شامل کرنے کے لیے پاکستان کے اس اقدام کو روکنے کی خاطر اپنایا تھا۔اقوام متحدہ میں بھارتی مشن کے فرسٹ سیکریٹری اور لیگل ایڈوائزر یدلا امانسانکا نے پاکستان کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ بھارت مسلسل سرحد پار دہشت گردی کا نشانہ بن رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم بین الاقومی منظم جرائم اور دہشت گردی کے درمیان بدترین اشتراک کا شکار ہوتے رہے ہیں۔جہان زیب خان نے اپنے جواب میں کہا کہ بھارت نے دہشت گردی کو اپنے تمام ہمسائیوں اور خاص کر پاکستان اور اپنی مسلمان آبادی کے ساتھ ساتھ مقبوضہ جموں و کشمیر کے شہریوں کے خلاف ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا،انہوں نے کہا کہ بھارت ہماری سرحدوں کے باہر موجود دہشت گرد تنظیموں کو پاکستان میں پاک-چین اقتصادی راہداری(سی پیک)پر عمل در آمد روکنے اور حملوں کے لیے ابھارا اور مالی معاونت کی۔
پاکستانی نمائندے نے کراچی میں چین کے قونصل خانے اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی مثالیں بھی پیش کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گرفتار بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو پہلے ہی پاکستان کے اندر اس طرح کی دہشت گردی کی منظم کارروائیوں کا اعتراف کرچکے ہیں۔جہاں زیب خان نے اپنی تقریر میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بھی اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جائز اور قانونی جدوجہد کو نقصان پہنچانے میں ناکام ہوچکی ہے اور بھارت کی دہشت گردوں کے خلاف نام نہاد کارروائیوں کی اصلیت بھی سامنے آچکی ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کے فرسٹ سیکریٹری نے کہا کہ پاکستان فخر سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ ان کی قانونی جدوجہد میں تعاون کا اعادہ کرتا ہے۔جہاں زیب خان نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے سامنے بھارت کی دہشت گردی کی سرگرمیوں کو بھی مسلسل بے نقاب کرتا رہے گا۔