فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ بھی فکسنگ کی لپیٹ میں آگیا،تفتیش شروع 

فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ بھی فکسنگ کی لپیٹ میں آگیا،تفتیش شروع 

پیرس:فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ بھی میچ فکسنگ  کی لپیٹ میں آگیا ہے جس کے باعث تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کرکٹ اور کئی دیگر سپورٹس میں میچ فکسنگ اور ڈوپنگ کے واقعات کے بعد اب ٹینس کے کھیل میں بھی مبینہ طور پر میچ فکسنگ کی جانے لگی ہے۔ فرانسیسی دفتر استغاثہ نے فرنچ اوپن میں میچ فکسنگ کی باقاعدہ چھان بین شروع کر دی ہے۔


اس میچ فکسنگ کا شبہ ایک ایسے مقابلے کے حوالے سے کیا جا رہا ہے،جو ٹینس کے گرینڈ سلیم مقابلوں میں شمار ہونے والے فرنچ اوپن ٹورنامنٹ کا خواتین کا ایک ڈبلز مقابلہ تھا۔


فرنچ اوپن کا پہلے راؤنڈ کا یہ ڈبلز میچ 30 ستمبر کو رومانیہ کی دو خواتین کھلاڑیوں آندریا میٹُو اور پیٹریشیا ماریا ٹِیگ اور روسی کھلاڑی یانا سیزیکووا اور امریکہ کی میڈیسن برینگل کے مابین کھیلا گیا تھا۔


کھیلوں کی دنیا کے معروف فرانسیسی روزنامے 'لےکُوئیپ‘ اور جرمن جریدے 'دی وَیلٹ‘ کی رپورٹوں کے مطابق اس میچ کی جو گیم ٹینس کے ماہرین اور پراسیکیوٹرز کو مبینہ طور پر میچ فکسنگ کا نتیجہ محسوس ہوئی، وہ دوسرے سیٹ کی پانچویں گیم تھی۔

پیرس میں پراسیکیوٹرز نے بتایا کہ وہ فرنچ اوپن کے اس میچ میں 'ایک منظم گروہ کی صورت میں فراڈ‘ اور 'کھیلوں میں فعال اور غیر فعال کرپشن‘ کے مبینہ الزامات کے تحت چھان بین کر رہے ہیں۔