قاہرہ /ریاض:الحرمین الشریفین کے انتظامی امور کے ذمہ دار ادارے کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ معتمرین میں کرونا کا کو کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔
اللہ کے مہمان اس وبا سے ابھی تک محفوظ ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق حرمین انتظامیہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ جنرل پریزیڈینسی کی طرف سے چار نکاتی ایگزیکٹو پلان ترتیب دیا گیا ہے۔
ان میں اہم ترین معتمرین اور زائرین کا تحفظ، مقدس مقامات کی صفائی، معتمرین کی آمد اور رضاراکانہ سرگریاں شامل ہیں۔دوسری جانب اسلامی تعاون تنظیم نے عمرہ مناسک کی مرحلہ وار بحالی پر سعودی عرب کی خدمات کو سراہا ہے۔
او آئی سی کے سیکرٹری جنرل یوسف العثیمین نے ایک بیان میں کہا کہ سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے تحفظ کے لیے مناسب حفاظتی اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے عمرہ کی بحالی کے لیے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے دی گئی ہدایات کو انتہائی مناسب اور معقول قرار دیتے ہوئے،
کہا کہ اللہ کے گھر میں آنے والے عمرہ زائرین کی حفاظت اور سہولت کے لیے کیے گئے اقدامات قابل تحسین ہیں۔
خیال رہے کہ سات ماہ کی بندش کے بعد گذشتہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب عمرہ مناسک کا صحت کے سخت ایس او پیز کے تحت آغاز ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی حکومت اور وزارت حج و عمرہ نے محدود تعداد میں عمرہ زائرین کے لیے اجازت دی تھی ۔ جس کے بعد سے لیکر اب تک عمرہ زائرین اعتمرنا ایپ جو کہ عمرہ کے لیے بنائی گئی ہے اس کو استعمال کرکے اپنے مخصوص اوقات میں عمرہ کی ادائیگی کررہے ہیں ۔
وزارت حج و عمرہ کے ترجمان کا کہناہے کہ ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ عمرہ زائر ین بھی ان تمام ایس او پیز پر عمل کررہے ہیں جو ہم نے بنائے ہیں ۔