امام حسینؓ و شہدائے کربلا کا چہلم آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

امام حسینؓ و شہدائے کربلا کا چہلم آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

لاہور: نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم آج ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ چھوٹے بڑے شہروں سے چہلم کے جلوس برآمد ہوں گے جن کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی یاد میں چہلم 20 صفر المظفر کو منایا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں کی امام بارگاہوں میں چہلم کی مناسبت سے مجالس عزاء برپا ہونگی جس سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز علماء اور ذاکرین شہدائے کربلا کی حیات طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے نواسہ رسول اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے جبکہ علم ذوالجناح پر مشتمل ماتمی جلوس بھی نکالے جائیں گے۔ دوران جلوس عزادار ماتم داری اور نوحہ خوانی کریں گے جبکہ زنجیر زنی بھی کی جائے گی۔ پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے سخت ترین حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔

سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ملک کے مختلف شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ مختلف علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سہولت بھی معطل ہے۔ لاہور میں تعزیہ کا مرکزی جلوس اندرون شہر حویلی الف شاہ سے برآمد ہوگا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ اختتام پذیر ہو گا۔ جلوس کی سکیورٹی کے لئے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

کراچی میں چہلم شہدائے کربلا کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا جس کی گزرگاہوں پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ چہلم کی مرکزی مجلس نشترپارک میں منعقد ہوگی جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی خطاب کریں گے۔ بعد ازاں چہلم کا مرکزی جلوس علم، تابوت، شبیہ ذوالجناح امام بارگاہ شاہ خراساں سے برآمد ہوگا جلوس کی قیادت بوتراب اسکاؤٹ کریں گے۔ جلوس کے شرکاء امام بارگاہ علی رضا پر نماز ظہرین ادا کریں گے۔ نماز کی امامت علامہ شہنشاہ حسین نقوی کریں گے۔ بعد ازاں جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا بارگاہ حسینیان ایرانیان پر ختم ہوگا۔

کراچی میں چہلم کا مرکزی جلوس دوپہر ایک بجے نشترپارک سے برآمد ہوگا اور کھارادر حسینیاں ایرانیاں پرختم ہوگا۔ جلوس کی گزرگاہوں پر کنٹینر رکھ کر راستوں کو بند کر دیا گیا ہے جبکہ چہلم کے جلوسوں کے روٹ پر اور اطراف میں موبائل فون سروس بند رہے گی۔

کوئٹہ میں علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاؤن سے چہلم کے جلوس برآمد ہوں گے۔ شہدائے کر بلا کے چہلم کے سلسلے میں امام بارگاہ مومن آباد علمدار روڈ سے شبیہ ذوالجناح و علموں اور تعزیوں کا 22 دستوں پر مشتمل ماتمی جلوس بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید داؤد آغا کی قیادت میں برآمد ہوگا جو روایتی راستوں ہوتا ہوا نماز عصر پر بہشت زینب قبرستان پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ ہزارہ ٹاؤن کا علم، تعزیوں اور ذوالجناح کا جلوس ولی عصر امام بارگاہ سے برآمد ہو گا جو ہزارہ ٹاؤن کے مقررہ راستوں سے ہو تا ہوا ہزارہ قبرستان پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔ دونوں جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے 6 ہزار سے زائد پولیس، ایف سی اور لیویز اہلکار تعینات ہوں گے جب کہ جلوس کی فضائی نگرانی بھی ہو گی۔ کوئٹہ میں موبائل سروس بند اور تین تھانوں کی حدود میں ایک دن کیلئے موٹرسائیکل چلانے پر پابندی عائد ہے۔