لاہور: حکومت پنجاب نے صوبے میں فنانس کمیشن کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے گریڈ ایک سے چار تک سر کاری ملازمتوں سے بھی پابندی ہٹا لی ۔
وزیر اطلاعات میاں اسلم اقبال نے پنجاب کابینہ کے 18ویں اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے سر کاری ملازمتوں سے پابندی اٹھاتے ہوئے گریڈ ایک سے چار تک خالی آسامیاں پوری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔
پنجاب کابینہ کا اجلاس ایوان وزیراعلی ٰمیں سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت ہوا، اجلاس میں چوبیس نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لے کر کابینہ نے منظوری دی،پنجاب کابینہ نے صوبے میں فنانس کمیشن کی تشکیل کی اجازت دیدی جبکہ سستی روٹی اتھارٹی ختم کرنے کی منظوری دی۔ پنجاب میں بارڈر ملٹری رولز میں بھی ترامیم کا فیصلہ کیا گیا جبکہ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی راولپنڈی کے قیام کی بھی اجازت دی گئی۔
نان اے سی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں نظر ثانی کابینہ نے مسترد کردی، اجلاس میں پنجاب ویلیج اینڈ نیبرہڈ کونسل کی حد بندیوں کی منظوری دی گئی،اس کے علاوہ سپیڈو بس سروس لودھراں کے لیے اکسٹھ ملین کی منظوری دیدی گئی۔