اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ڈی جی ساؤتھ ایشیا ڈاکٹر فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلووالیا کو طلب کیا اور ایل اوسی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا۔
ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے کاکوتا کی رہائشی 69 سالہ بزرگ خاتون نذیراں بیگم شہید ہو گئی تھیں۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی افواج لائن آف کنٹرول پر تسلسل سے شہری آبادی کو بھاری اسلحہ سے نشانہ بنا رہی ہے۔ بھارت کی طرف سے 2017ء کے بعد سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں تیزی آئی ہے۔ جنگ بندی کی خلاف ورزیاں علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ 2003ء کی جنگ بندی مفاہمت کا احترام کرے اور اقوام متحدہ کے امن مشن کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کردار ادا کرنے دے۔