کسی کے کہنے پر کوئی ماں کا لعل اس حکومت کو نہیں گرا سکتا، اعجاز شاہ

01:24 PM, 8 Oct, 2019

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ کسی کے کہنے پر کوئی ماں کا لعل اس حکومت کو نہیں گرا سکتا۔اسلام آباد میں پولیس سہولت سینٹر میں اوورسیز پاکستانی سہولت کاؤنٹر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اعجاز شاہ نے کہا کہ کے بلیو ایریا میں دفعہ 144 نافذ ہے اور سمجھتا ہوں مولانا فضل الرحمان 27 اکتوبر کو نہیں آئیں گے اور ان کے اسلام آباد آنے کا وقت ٹھیک نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں پی ٹی آئی کی حکومت کو عوام لے کر آئی اور جب تک عوام کا اعتماد ہے حکومت کو کوئی نہیں نکال سکتا۔ جب تک حکومت کی ڈلیوری ٹھیک رہے گی اسے ستوں خیراں ہے۔ کسی کے کہنے پر کوئی ماں کا لعل اس حکومت کو نہیں گرا سکتا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مدارس کے طلبہ ڈاکٹر، انجینئر دیگر شعبے اختیار کر سکیں گے۔ مدارس کا نصاب تبدیل نہیں کیا، صرف وہ کتابیں شامل کیں جس سے طالب علم وکیل اور ڈاکٹر بن سکیں۔ حکومت چاہتی ہے مدرسے کا طالب علم صرف امام مسجد نہیں ہر ملازمت کے لیے اہل ہو جبکہ نہ کوئی مدارس کو چھیڑ رہا ہے اور نہ مدارس کے نصاب کو چھیڑ رہا ہے۔

اعجاز شاہ نے مزید کہا کہ عمران خان اسلام آباد آئے تو وہ وقت اور تھا اور صحیح وقت پر غلط کام بھی چل جاتا ہے۔  مولانا فضل الرحمان کے اسلام آباد آنے کا وقت ٹھیک نہیں ہے اور یہ جو اسلام آباد آ رہے ہیں ملک کے خلاف آ رہے ہیں۔

مزیدخبریں