کراچی: ٹریفک پولیس کے تمام ضلعوں میں ”اینٹی انکروچمنٹ اسکواڈ“ کا قیام عمل میں آگیا، تمام اضلاع کے ایس ایس پی اپنے علاقے کی حدود میں ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا کرنے والے ٹھیلے، پتھارے و دیگر انکروچمنٹ کے خلاف اپنے ضلع کے اسکواڈ کے ذریعے کارروائی کریں گے۔
پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق متذکرہ فیصلہ ڈی آئی جی پی ٹریفک جاوید علی مہر کی زیر صدارت ڈی آئی جی پی کانفرنس روم میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں تمام ضلعی ایس ایس پیز اور ڈی ایس پیز نے شرکت کی۔ اجلاس میں اہم شراہوں، سڑکوں، مارکیٹوں میں ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالنے کی وجوہات پر غور کیا گیا اور فوری طور پر ہر ٹریفک ضلع میں اینٹی انکروچمنٹ اسکواڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں تمام ضلعی ایس ایس پیز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے علاقے کی حدود میں ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا کرنے والے ٹھیلے، پتھارے و دیگر انکروچمنٹ کے خلاف اپنے ضلع کے اسکواڈ کے ذریعے کارروائی کریں گے اور ٹریفک کو رواں دواں رکھیں گے۔ اس کے علاوہ تمام اضلاع میں دھواں پیدا کرنے والی بسوں، منی بسوں اور دیگر خستہ حال گاڑیوں کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایت جاری کیں اور تمام ضلعی ایس ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو ان دھواں دینے والی گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ منسوخ کرنے کے لیے بھی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں خلاف ضابطہ 7 اور 9 سیٹوں والے سی این جی رکشوں کے خلاف بھی بھرپور کاروائی عمل میں لانے کے لئے ہدایت بھی دی گئیں۔
kh/mnm/aam 0046