روم: اٹلی کے وزیر داخلہ ماتیو سالوینی نے دھمکی دی ہے کہ اگر جرمنی نے مہاجرین کو چارٹر پروازوں کے ذریعے واپس اٹلی لانے کا فیصلہ کیا تو تمام ہوائی اڈے بند کردئیے جائیں گے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اٹلی کے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اگر برلن اور برسلز درجنوں مہاجرین کو چارٹر پروازوں میں سوار کرکے اٹلی پہنچانے کا سوچ رہے ہیں تو وہ جان لیں کہ انہیں کوئی ہوائی اڈہ فراہم نہیں کیا جائے گا، ہم تمام ہوائی اڈوں کو تالا ڈال دیں گے جس طرح ہم نے بندرگاہوں کو بھی بند کیا۔
جرمن میڈیا کے مطابق جرمن سے اٹلی چارٹر پروازوں کا امکان ہے، جرمن حکام نے ان معلومات کی تصدیق یا تردید کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے ، جرمنی کی وزارت داخلہ نے گزشتہ روز ایک اعلان میں بتایا تھا کہ آئندہ چند روز کے دوران پناہ گزینوں کی اٹلی واپسی کی کارروائی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
ہجرت کے امور سے متعلق جرمن فیڈرل آفس اٹلی کے راستے یورپی یونین پہنچنے والے پناہ گزینوں کو بڑی تعداد میں پیغامات بھیج رہا ہے، ان پیغامات میں بتایا گیا ہے کہ ڈبلن سمجھوتے کے تحت ان پناہ گزینوں کی منتقلی بہت جلد عمل میں آئے گی۔
رپورٹ کے مطابق یہ سمجھوتا پناہ گزینوں کو مجبور کرتا ہے کہ وہ اپنی پناہ لینے کی درخواستیں اس پہلے یورپی ملک کو پیش کریں جہاں ان کا اندراج ہوا تھا جبکہ اس سلسلے میں پہلا طیارہ کل اٹلی پہنچنے کا امکان ہے۔
اگر ان معلومات کی تصدیق ہوگئی تو یہ ہجرت کی پالیسی کے حوالے سے جرمن حکومت میں ایک بار پھر اختلافات بھڑکا دے گا، جہاں جرمن چانسلر انجیلا مرکل اور وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر آمنے سامنے ہوں گے۔