شمالی کورین رہنما کے ساتھ ملاقات مثبت لیکن بہت کچھ کرنا باقی ہے: پومپیو

09:27 PM, 8 Oct, 2018

واشنگٹن : امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ اُن کے ساتھ اُن کی ملاقات بہت اچھی رہی۔ تاہم ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

اُنہوں نے شمالی کوریا کے اپنے چوتھے دورے کے بعد جنوبی کوریا پہنچنے پر کہا کہ کم جونگ اُن سے ملاقات کے دوران شمالی کوریا کی طرف سے اپنے جوہری پروگرام کے سلسلے وار خاتمے کے اقدامات پر بات کی گئی۔

اُنہوں نے کہا کہ ملاقات میں امریکی صدر ٹرمپ اور شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ اُن کے درمیان دوسری سربراہ ملاقات جلد از جلد منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

پومپیو شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ ان سے ملاقات کر کے جنوبی کوریا پہنچے جہاں جنوبی کوریا کے صدر مون جائے اِن کے ساتھ اُن کی ملاقات ہوئی۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ اور شمالی کوریا نے کم ٹرمپ سربراہی اجلاس کے لئے تاریخ اور مقام کا تعین کرنے کے لئے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے ۔

صدر ٹرمپ نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ کم اور پومپیو کی ملاقات اچھی رہی اور اس دوران اچھا تعلق قائم ہوا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس کی تفصیلات پر کام کیا جا رہا ہے۔ جوہری ہتھیاروں کا خاتمہ تمام دنیا اور خود شمالی کوریا کیلئے بہت اچھی بات ہو گا۔

مزیدخبریں