حیدرآباد: ایک اور شخص راتوں رات کروڑ پتی بن گیا، حیدرآباد کے پردیپ کمار کے اکاؤنٹ میں چار کروڑ 99 لاکھ 54 ہزار 432 روپے آگئے۔
تفصیلات کے مطابق غریب شہریوں کے بھاری بینک اکاؤنٹس کا سلسلہ رکا نہیں ہے اب حیدرآباد کا رہائشی پردیپ کمار راتوں رات کروڑ پتی بن گیا ہے، پردیپ کمار کے اکاؤنٹ میں 4 کروڑ 99 لاکھ 54 ہزار 432 روپے آگئے، ڈرائیور نے اے ٹی ایم سے تنخواہ نکالی تو سلپ دیکھ کر حیران رہ گیا۔
پردیپ کمار کا کہنا ہے کہ گزشتہ مہینے اکاؤنٹ میں اٹھارہ ہزار روپے تھے جب وہ نکالنے گیا تو سلپ دیکھ کر حیران رہ گیا، ڈرائیور نے متعلقہ افسران کو معاملے سے آگاہ کردیا ہے۔
واضح رہے کہ شہر قائد کے رہائشی فالودہ فروش عبدالقادر کے اکاؤنٹ میں 2 ارب روپے آگئے تھے جس کی تحقیقات ایف آئی اے نے شروع کردی تھی، فالودہ فروش کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے نے پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے۔