عدالتوں میں پیش ہونگے اور عدالتی نظام کو آزمائیں گے،مریم نواز

01:32 PM, 8 Oct, 2017

لندن :مسلم لیگ ن کی رہنما اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ دنیا جانتی ہے کہ یہ احتساب نہیں انتقام لیا جارہا ہے لیکن عدالتوں میں پیش ہوکر نظام عدل کو آزمائیں گے۔لندن سے پاکستان روانگی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ دامن صاف ہو تو سیاستدان کہیں جانے سے نہیں گھبراتے۔

آئین و قانون کے احترام میں وطن واپس جارہے ہیں اور احتساب عدالتوں کا سامنا کر کے نظام عدل کو آزمائیں گے۔حسن اور حسین نواز کی عدالت میں پیشی سے متعلق مریم نواز کا کہنا تھا کہ حسن اور حسین بھی عدالتوں میں پیش ہوں گے تاہم پاکستان جانے کے حوالے سے وہ اپنا فیصلہ خود کریں گے۔


نواز شریف کے مسلم لیگ (ن) کے صدر کے انتخاب پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا انتخاب پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے اور حیرانی ہے کہ (ن) لیگ کے صدر کے انتخاب پر وہ اعتراض کر رہے ہیں جن کا کوئی تعلق نہیں ہے۔مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کسے صدر منتخب کرتی ہے اس کا اسے جمہوری حق حاصل ہے ۔

جس پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے تاہم نااہلی کے بعد بھی ہر چیز کا محور نواز شریف ہی ہیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ پچھلے ڈیڑھ سال سے جو چیزیں چل رہی ہیں وہ سامنے آگئیں اس کے باوجود جمہوری حکومت اپنی ایک اور مدت پوری کرے گی۔

لندن میں اپنی رہائشگاہ پارک لین سے ایئرپورٹ روانگی کے موقع پر ان کے ہمراہ ان کے خاوند کیپٹن (ر) محمد صفدر بھی تھے۔خیال رہے کہ احتساب عدالت نے 9 اکتوبر کو سابق وزیراعظم نواز شریف، حسن، حسین اور مریم نواز سمیت کیپٹن (ر) محمد صفدر کو پیش کر رکھا ہے۔

مزیدخبریں