جدہ:غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سنیچر کو شہر جدہ میں ایک شاہی محل کے باہر فائرنگ کے واقعے میں دو سکیورٹی گارڈز ہلاک اور تین دیگر محافظ زخمی ہو گئے ہیں۔سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک 28 سالہ شخص ڈرائیو کرتا ہوا جدہ کے 'السلام محل' کے دروازے تک پہنچ گیا اور اس نے سکیورٹی پر تعینات محافظوں پر گولیاں چلائیں۔
اس شخص کا نام منصور العمری بتایا گیا ہے اور وہ سعودی عرب کا شہری ہے۔اس سے قبل امریکی سفارتخانے نے شہریوں کو غیر مصدقہ رپورٹس کی بنیاد پر سنیچر کے روز اس علاقے میں کسی حملے کے ہونے کے بارے میں متنبہ کیا تھا۔
ایک مختصر سے بیان میں امریکی سفارتخانے نے کہا تھا ’جاری پولیس سرگرمی کے پیشر نظر امریکی شہریوں کو یہ صلاح دی جاتی ہے کہ وہ اس علاقے میں سفر کرنے کے دوران احتیاط برتیں۔‘
مقامی میڈیا نے بتایا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق سوا تین بجے دوپہر کو ہوا تھا۔سکیورٹی پر تعینات محافظوں نے حملے کو روکا اور حملہ آور کو ہلاک کر دیا۔ اس حملے کے بارے میں یا پھر حملہ آور کے مقصد کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں ظاہر کی گئیں۔
سعودی عرب کی نیوز ایجنسی ایس پی اے نے بتایا کہ کئی دن قبل سعودی پولیس نے دارالحکومت ریاض میں تین مقامات پر چھاپے مارے تھے۔