راجن پور: راجن پور کے علاقے کچہ بنگلہ اچھا میں پولیس کے ساتھ مقابلے میں مشہور اشتہاری ڈاکو شاہد لنڈ مارا گیا۔ رحیم یار خان اور راجن پور پولیس کے مشترکہ آپریشن میں لنڈ گینگ کا سرغنہ مارا گیا، جس کے سر کی قیمت پنجاب حکومت نے 1 کروڑ روپے مقرر کی تھی۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق، شاہد لنڈ پولیس اہلکاروں کی شہادت، دہشت گردی، اغوا برائے تاوان، پولیس پر حملوں، قتل، اور ڈکیتی جیسے 28 سے زائد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ اس کے خلاف رحیم یار خان اور راجن پور کے مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج تھے، اور اس کے خاتمے کے لیے پولیس گزشتہ دو ماہ سے آپریشن میں مصروف تھی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ کچہ ایریا سے دہشت گردوں اور شرپسند عناصر کا مکمل خاتمہ کرنا ان کا مشن ہے۔ یاد رہے کہ اگست میں شاہد لنڈ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں اس نے اپنی فہرست میں نام ہونے پر اعتراض کرتے ہوئے محکمہ داخلہ سے مطالبہ کیا تھا کہ انعام کی فہرست دوبارہ بنائی جائے۔