اسلام آباد:وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت (فوسپا) نے نازیبا واٹس ایپ پیغامات بھیجنے والے ملزم حسن علی خان لغاری پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ یہ فیصلہ فوسپا کی سربراہ، وفاقی محتسب فوزیہ وقار نے سنایا، جس میں ملزم کو ہراسانی کا مرتکب قرار دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، سیدہ گلبدن شاہد نے فوسپا میں شکایت درج کرائی تھی، جس میں ان کا کہنا تھا کہ ملزم حسن علی خان لغاری نے انہیں واٹس ایپ پر نازیبا اور نامناسب پیغامات بھیجے۔ شکایت کے بعد فوسپا نے اس معاملے کی تحقیقات کیں، جس میں ملزم پر الزام ثابت ہوا کہ وہ خواتین کو کام کی جگہ پر ہراساں کرنے کے قانون کی خلاف ورزی کر رہا تھا۔
ملزم نے ان الزامات کی تردید کی تھی اور اپنی پوزیشن میں کوئی غلطی نہ ہونے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم فوسپا نے اس کا موقف مسترد کر دیا۔ وفاقی محتسب نے ملزم پر 10 لاکھ روپے ہرجانہ عائد کرنے کا حکم دیا۔
ملزم نے فوسپا کے اس فیصلے کے خلاف ایوانِ صدر میں اپیل کی، مگر ایوانِ صدر نے بھی فوسپا کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے ملزم کی اپیل مسترد کر دی اور 10 لاکھ روپے جرمانے کا حکم برقرار رکھا۔
فوسپا کے ترجمان نے بتایا کہ یہ فیصلہ خواتین کو کام کی جگہ پر ہراسانی سے بچانے کے قانون کے تحت کیا گیا ہے، اور اس کا مقصد ایسی کارروائیوں کا سدباب کرنا ہے جو خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتی ہیں۔