چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا بھارتی کرکٹ بورڈ کے حوالے سے اہم بیان

07:07 PM, 8 Nov, 2024

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ابھی تک تحریری طور پر اطلاع نہیں دی کہ ان کی ٹیم پاکستان نہیں آ رہی۔

 محسن نقوی نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کی خبریں دی ہیں، تاہم پی سی بی کو اس حوالے سے کوئی رسمی خط موصول نہیں ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی ہمیشہ چاہتا ہے کہ کرکٹ سیاست سے آزاد ہو، اور وہ دو ماہ سے بھارتی میڈیا پر اس بارے میں خبریں دیکھ رہے ہیں کہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں شرکت نہیں کرے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ اگر بھارتی کرکٹ بورڈ نے تحریری طور پر یہ اطلاع دی تو وہ حکومت سے رجوع کریں گے۔

چیئرمین پی سی بی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کی تیاریاں جاری رہیں گی، اور حکومت پاکستان کے فیصلے کے مطابق عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا ہے اور یہ توقع نہیں کرنی چاہیے کہ ہر بار ایسا ہو۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کھیل میں سیاست کو نہیں لانا چاہیے اور ہر ملک کی خواہش ہے کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہو۔ انہوں نے اس بات کا بھی یقین ظاہر کیا کہ کوئی بھی ملک کھیل کے اندر سیاست نہیں لائے گا۔

آخر میں، چیئرمین پی سی بی نے آسٹریلیا کی سرزمین پر پاکستان کرکٹ ٹیم کی کامیابی پر قومی ٹیم اور قوم کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ پاکستانی ٹیم آئندہ میچز میں بھی کامیاب رہے گی۔

مزیدخبریں