سرکاری سکیم کے تحت حج پیکیج کی ادائیگی تین اقساط میں کی جائے گی

06:49 PM, 8 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے حج 2024 کے لئے سرکاری سکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی کا اعلان کرتے ہوئے عازمین حج کے لیے ایک خوشخبری سنائی ہے۔ آئندہ سال حج پیکیج کی ادائیگی یکمشت کے بجائے تین اقساط میں کی جائے گی تاکہ عازمین کو مالی بوجھ میں آسانی ہو۔

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق، سرکاری سکیم کے تحت 89,605 عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے روانہ ہوں گے۔ حج درخواستیں نومبر کے وسط میں وصول کی جائیں گی۔  

حج پیکیج کی واجبات کی ادائیگی تین مراحل میں کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں عازمین حج کو درخواست کے ساتھ 2 لاکھ روپے ادا کرنا ہوں گے۔ دوسرے مرحلے میں، حج قرعہ اندازی میں نام آنے کے بعد 4 لاکھ روپے کی اضافی ادائیگی کی جائے گی۔ جبکہ تیسری اور آخری قسط کی رقم فروری کے دوسرے ہفتے میں وصول کی جائے گی۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق، حج پیکیج کی کل رقم 10 لاکھ 65 ہزار سے 10 لاکھ 75 ہزار روپے کے درمیان ہوگی۔

یہ اقدام عازمین حج کو مالی طور پر زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ وہ حج کے سفر کے لیے آسانی سے تیار ہو سکیں۔

مزیدخبریں