ایف بی آر کو ٹیکس ایئر 2024 کے لیے 52 لاکھ سے زائد انکم ٹیکس گوشوارے موصول

06:19 PM, 8 Nov, 2024

اسلام آباد:  فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو ٹیکس ایئر 2024 کے لیے انکم ٹیکس گوشواروں کی تعداد میں 76 فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، جو 52 لاکھ 15 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ ایف بی آر کے حکام کے مطابق، گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال 22 لاکھ 56 ہزار مزید گوشوارے موصول ہوئے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ اس سال 52 لاکھ 15 ہزار 951 افراد نے اپنے ٹیکس گوشوارے جمع کرائے، جب کہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ تعداد 29 لاکھ 59 ہزار 774 تھی۔

انکم ٹیکس گوشواروں کے ساتھ اس سال 132 ارب روپے سے زیادہ کا ٹیکس بھی جمع کیا گیا ہے، جو گزشتہ سال کے 77 ارب کے مقابلے میں 71 فیصد زیادہ ہے۔

مالی سال 2024 میں 20 لاکھ 51 ہزار 962 افراد نے اپنی آمدن صفر ظاہر کی، اور ان افراد کا حصہ مجموعی گوشواروں میں 39 فیصد سے زیادہ رہا۔

ایف بی آر کے مطابق، یکم جولائی 2024 سے 6 نومبر تک 6 لاکھ 60 ہزار نئے ٹیکس فائلرز کا اندراج ہوا ہے، جب کہ گزشتہ سال اس دوران 13 لاکھ 46 ہزار افراد نے نئے ریٹرن فائل کیے تھے۔
 

مزیدخبریں