جوڈیشل کمیشن اجلاس: سندھ ہائیکورٹ میں آئینی بینچز کی تشکیل پر غور

06:12 PM, 8 Nov, 2024

اسلام آباد:  جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے چھ ججز کی جانب سے پیش کردہ خط کے مطابق کوڈ آف کنڈکٹ 209(8) پر غور کیا گیا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس معاملے پر مشاورت کے دائرہ کار کو وسیع کیا جائے گا اور آئندہ اجلاس میں کوڈ آف کنڈکٹ میں ترمیم پر بحث کی جائے گی۔ اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔

؎

اجلاس کی صدارت چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کی، جس میں سندھ ہائیکورٹ میں آئینی بینچز کی تشکیل کے لیے سنگل پوائنٹ ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس شفی صدیقی نے اجلاس میں حصہ لیا، جب کہ جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس امین الدین اور جسٹس جمال خان خیل نے بھی شرکت کی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس شفی صدیقی کی پیش کردہ تجویز کی توثیق کرتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ کے تمام موجودہ ججز کو آئینی بینچوں کے لیے نامزد کیا گیا۔ سندھ ہائیکورٹ کے ججز 24 نومبر تک آئینی بینچوں میں کام جاری رکھیں گے۔

مزید برآں، جوڈیشل کمیشن کا آئندہ اجلاس 25 نومبر کو ہوگا، جس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور اعوان، سینیٹر فاروق ایچ نائیک، سینیٹر شبلی فراز، شیخ آفتاب عمر اور ایوب روشن خورشید بھی شریک ہوں گے۔
 
 

مزیدخبریں