اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں سفارتکاروں کی سہولت کے لیے قائم کیے گئے جدید "کاسکیڈ" خدمت مرکز کا افتتاح کیا۔
اس مرکز کا قیام ڈپلومیٹک کمیونٹی اور غیر ملکی شہریوں کو مختلف خدمات کی فراہمی کے لیے کیا گیا ہے، جس میں 12 سے زائد خدمات شامل ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے افتتاح کے موقع پر بتایا کہ "کاسکیڈ" خدمت مرکز میں ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء و تجدید، کریکٹر سرٹیفکیٹ، جنرل پولیس تصدیق، گمشدگی رپورٹ، کرایہ داروں کی رجسٹریشن، غیر ملکیوں کی رجسٹریشن، گھریلو ملازمین اور رضا کاروں کی رجسٹریشن، گاڑیوں کی تصدیق، اور ایف آئی آر کی کاپی جیسی خدمات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام وزیراعظم کے ویژن کے مطابق سفارتکاروں اور غیر ملکی شہریوں کی سہولت و حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے، اور اس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سفارتکاروں کے درمیان تعاون میں اضافہ ہوگا۔ وزیر داخلہ نے یہ بھی بتایا کہ 1500 سے زائد پولیس ، ایف سی اہلکار اور 20 پولیس گاڑیاں ڈپلومیٹک انکلیو کی سکیورٹی پر مامور ہیں۔اس اقدام پر سفارتکاروں اور غیر ملکی شہریوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر داخلہ نے خدمت مرکز کا دورہ بھی کیا اور پولیس خدمت مرکز کے مختلف کاؤنٹرز کا معائنہ کیا، جہاں آئی جی اسلام آباد پولیس نے غیر ملکی شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ تقریب میں سفارتکاروں، وفاقی سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی سی اسلام آباد اور دیگر سینئر پولیس افسران نے بھی شرکت کی۔