دوسرا ون ڈے : پاکستان نے آسٹریلیا کو 9وکٹوں سےشکست دے دی

دوسرا ون ڈے : پاکستان نے آسٹریلیا کو 9وکٹوں سےشکست دے دی

ایڈیلیڈ : تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز کو ایک ایک سے برابر کر لیا۔آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 164رنز کا ہدف دیا تھا ۔

پاکستان کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز عبد اللہ شفیق اور صائم ایوب نے کیا۔ صائم ایوب نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 82 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 6 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ تاہم، 137 رنز پر وہ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد عبد اللہ شفیق اور بابر اعظم نے ٹیم کو فتح کی جانب گامزن کیا۔

 عبد اللہ شفیق 64 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ بابر اعظم نے 15 رنز بنائے اور دونوں کھلاڑی پاکستان کو 9 وکٹوں سے کامیابی دلانے میں کامیاب ہوئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے واحد وکٹ ایڈم زمپا نے حاصل کی، جنہوں نے 44 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل، پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا کی ٹیم کو شروع میں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب شاہین شاہ آفریدی نے ابتدائی اوورز میں جیک فریسر مک گرج اور میتھیو شارٹ کو پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد حارث رؤف نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوش انگلس، مارنس لبوشین، اسٹیو اسمتھ، ایرون ہارڈی اور گلین میکسویل کو پویلین کی راہ دکھائی۔

پاکستان کی بولنگ کے دوران حارث رؤف نے 29 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 26 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد حسنین اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دی تھی۔

مصنف کے بارے میں