اسلام آباد : صدر مملکت نے پی ٹی آئی کے خدشات سے متعلق نگران وزیرا عظم کو خط لکھ دیا ہے۔پی ٹی آئی کے بنیادی حقوق، ہموار سیاسی میدان سے متعلق خدشات کے بارے میں صدر علوی نے نگران وزیر اعظم کو خط لکھا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کے نام خط میں تحریک انصاف کے بنیادی حقوق، ہموار سیاسی میدان سے متعلق خدشات پر غور کرنے کا کہا گیا ہے۔اسلام آباد سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ صدر نے نگراں وزیراعظم کو لکھے گئے خط کے ساتھ پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب کا خط بھی بھجوایا ہے۔
خط میں صدر عارف علوی نے مزید کہا کہ نگران حکومت کا تمام سیاسی جماعتوں کو ہموار میدان فراہم کرنا بےحد اہم ہے۔ آئندہ انتخابات میں سیاسی جماعتوں کو مساوی حقوق اور مواقع فراہمی کے آپ کے بیانات باعث اطمینان ہیں، یقین ہے جمہوریت پاکستان کے عوام اور ریاست کے لیے آگے بڑھنے کا مناسب راستہ ہے۔
صدر مملکت نے خط میں یہ بھی تحریر کیا کہ عوام کا سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینا بذریعہ آزاد میڈیا اظہار رائے اور جمہوریت کی روح ہے۔ آزادانہ، منصفانہ اور مستند الیکشن پر پورے پاکستان میں اتفاق ہے، سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کو الیکشن میں حصہ لینے، عوام کو انہیں منتخب کرنے کا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت بطور سربراہ ریاست جمہوریہ کے اتحاد کی علامت ہیں، آئین کے آرٹیکل41 کے تحت صدر، وزیراعظم اور تمام اداروں سمیت شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنے کے پابند ہیں اسی وجہ سے پاکستان تحریک انصاف کے الزامات پر مشتمل خط آپ کو ارسال کررہا ہوں، سیاسی وابستگیاں رکھنے والے افراد کی جبریوں گمشدگیوں کے بڑھتے واقعات پر میڈیا میں بھی بحث ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی سیاسی وابستگیاں اور وفاداریاں بدل جانے پر ایسے واقعات باعث تشویش بنتے ہیں، خواتین سیاسی ورکرز کی طویل نظر بندی، عدالت کے ریلیف کے بعد دوبارہ گرفتاریاں معاملات مزید حساس بنا دیتی ہیں۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ آئین کے آرٹیکل 4 کے تحت قانون کے مطابق سلوک کیا جانا ہر شہری کا ناقابل تنسیخ حق ہے، آئین کے آرٹیکل 17 کے تحت سیاسی جماعت کی رکنیت یا تنظیم سازی کرنا ہر شہری کا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 19ہر شہری کو آزادی اظہارِ رائے کے ساتھ آزاد پریس کا حق دیتا ہے، نگراں وزیر اعظم، حکومت کے سربراہ ہونے کے ناطے، ان معاملات پر غور کریں۔