اسلام آباد:ذخیرہ اندوزوں کے خلاف شکنجہ تیارکرلیاگیا ہے۔ وفاقی حکومت ذخیرہ اندوزوں اور سمگلروں کے خلاف سرگرم ہے۔ وفاقی حکومت نے اس سلسلے میں اہم فیصلے کرتے ہوئے پکڑی گئی چینی و دیگر اشیاء آدھی قیمت پر فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چینی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ صوبائی حکومت کی مقرر کردہ کم از کم قیمتوں کے 50 فیصد پر یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی طرف سے چینی سمیت دیگر پکڑی جانے والی اشیاء کی خریداری میں عدم دلچسپی کی صورت میں کسٹمز آکشن رولز 2001 کے مطابق عام نیلامی کے لیے پیش کی جائیں گی۔
ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کے خلاف جاری مہم کے دوران پکڑی اور ضبط کی جانے والی چینی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی فروخت کا اختیار متعلقہ کلکٹر اور ڈائریکٹر کو دے دیا گیا ہے۔ کلکٹر اور ڈائریکٹر سب سے پہلے ضبط شدہ اشیائے ضروریہ صوبائی حکومتوں کے نوٹیفائی کردہ قیمتوں کے 50 فیصد پر یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان کو فروخت کریں گے۔