بھارت کیخلاف سیمی فائنل سے قبل انگلش ٹیم کیلئے بری خبر

08:57 PM, 8 Nov, 2022

نیوویب ڈیسک

ایڈیلیڈ: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف سیمی فائنل سے پہلے جھٹکا لگا ہے اور اس کے اہم فاسٹ باؤلر مارک ووڈ کی فٹنس مسائل کے باعث میچ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق 32 سالہ مارک ووڈ نے اب تک ورلڈ کپ کے چار میچز میں 9 وکٹیں حاصل کی ہیں جو ایڈیلیڈ میں فٹنس مسائل کے باعث ٹریننگ سے دستبردار ہو گئے جبکہ بھارت کے خلاف سیمی فائنل کیلئے بھی ٹیم میں ان کی شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر مارک ووڈ بھارت کیخلاف سیمی فائنل کیلئے دستیاب نہ ہوئے تو ان کی جگہ ٹیمل ملز کو ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے تاہم اس بارے میں حتمی فیصلہ میچ سے کچھ دیر قبل ہی کیا جائے گا کیونکہ ٹیم مینجمنٹ کی بھرپور کوشش ہے کہ مارک ووڈ صحت یاب ہو کر سیمی فائنل جیسے اہم میچ میں شرکت کریں۔ 
قبل ازیں انگلش ٹیم کے ٹاپ آرڈر بلے باز ڈیوڈ ملان سری لنکا کے خلاف اپنے آخری سپر 12 مقابلے کے دوران گروئن انجری کا شکار ہو گئے تھے تاہم یہ کہا جا رہا ہے کہ وہ بھارت کیخلاف شیڈول سیمی فائنل کیلئے دستیاب ہوں گے۔ 
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل بدھ کے روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں 10 نومبر کو بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ 

مزیدخبریں