صوبائی حکومتیں پی ٹی آئی کے فسادیوں سے سڑکیں کھلوائیں ورنہ نتائج بھگتنا ہوں گے: وزیر داخلہ

04:02 PM, 8 Nov, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومتیں پی ٹی آئی  کے  فسادیوں سے سڑکیں کھلوائیں ورنہ انہیں نتائج بھگتنا ہوں گے۔فسادیوں کو خبردار کرتا ہوں کہ عوامی جذبات کی رپورٹس پہنچ رہی ہیں، رد عمل آئے گا ۔ ایسا نہ ہو پولیس ان کی حفاظت کر رہی ہے، وہ نہ کر پائے۔ 

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ  آج   یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے، کل یہ10،15 جگہوں پر ہوگی، ہوش کے ناخن لیں۔ وفاقی حکومت اوراتحادی قائدین کی جانب سے عوام سے معذرت خواہ ہوں۔پولیس مٹھی بھر لوگوں کی حفاظت نہ کریں انہیں بھگائیں وہاں سے۔ 

انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو تکلیف پہنچانے کی کوشش  ملک دشمن ایجنڈا ہے۔  عدالت عالیہ سے اپیل ہے کہ اس کا نوٹس لیں۔ پی ٹی آئی والے احتجاج کرکے عام شہری  کو تکلیف پہنچا رہے ہیں۔صوبائی حکومتیں اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داری کو پورا کریں۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ چند فسادی لوگوں کی وجہ سے کروڑوں لوگ پریشانی کاشکار ہیں۔آمدورفت کے راستے کھلے رکھنا صوبائی حکومتوں کاکام ہے۔ مٹھی بھر لوگ گاڑی میں آتے ہیں اور ٹائر جلا کر آگ لگاتے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما سڑک بند کرکے  ویڈیو بنا کر اپنی قیادت کو بھیجتے ہیں۔یہ دونوں صوبائی حکومتیں احتجاج کروا رہی ہیں۔یہ احتجاج نہیں دو صوبائی حکومتیں وفاق پر حملہ آور ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ عمران خان میں اتنی ہمت نہیں کہ اپنی جھوٹی ایف آئی آر درج کرواسکے اور کیا کرے گا۔وزیراعظم نے سپریم کورٹ کو کمیشن کی تشکیل کیلئے خط لکھ دیا ہے۔ملزم نوید  کا کسی سیاسی اور مذہبی گروہ سے کوئی تعلق نہیں۔ وزیر آباد کے واقعہ کا جو ملزم نوید ہے، وہی ملزم ہے، تمام تفتیش جیسے آگے بڑھ رہی ہے۔عمران نیازی نے  سینئر صحافیوں سے جو بات منسوب کی  وہ قابل مذمت ہے۔ 

مزیدخبریں