افغان وزیر خارجہ رواں ہفتے پاکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے

11:33 PM, 8 Nov, 2021

اسلام آباد: افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پر گفتگو ہو گی۔

دفتر خارجہ کے اہم عہدیدار نے بتایا کہ افغان وزیر خارجہ 11 اور 12 نومبر کو پاکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے۔  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گزشتہ ماہ دورہ کابل کے دوران امیر خان متقی کو اسلام آباد آنے کی دعوت دی تھی اور 15 اگست کو طالبان کی جانب سے کابل کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد یہ کسی بھی افغان وزیر کا پہلا دورہ پاکستان ہو گا۔

پاکستان نے طالبان کی حکومت کو تسلیم نہیں کیا تاہم طالبان حکام کو اسلام آباد میں افغان سفارت خانے کے ساتھ ساتھ پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں قونصل خانوں کا کنٹرول سنبھالنے کی اجازت دی گئی ہے۔ پاکستانی عہدیدار نے کہا کہ یہ ایک اہم دورہ ہوگا کیونکہ امیر خان متقی طالبان حکومت کے ایک اہم رکن ہیں۔

افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور خان نے اتوار کو کابل میں امیر خان متقی سے ملاقات کی تھی اور اس اپنی ٹیم میں بتایا تھا کہ ملاقات میں دوطرفہ تجارت، ٹرانزٹ، لوگوں کی نقل و حرکت اور انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی نے 21 اکتوبر کو اپنے دورہ کابل کے دوران امیر خان متقی کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی تھی۔

مزیدخبریں