بیروزگار ماؤں کو ماہانہ 16 سو سے ڈھائی ہزار ڈالر وظیفہ دینے کا اعلان

05:46 PM, 8 Nov, 2021

کویت سٹی: عرب ملک کویت نے بیروزگار ماؤں کو ان کی تعلیم کے لحاظ سے گھر بیٹھے ماہانہ 16 سو سے ڈھائی ہزار ڈالر وظیفہ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کویت کی قومی اسمبلی کی خواتین اور خاندان کمیٹی نے ایسی بیروزگار ماؤں کو بچوں کی پرورش اور تعلیم کے لیے ماہانہ وظیفہ دینے کا فیصلہ کیا ہے جن کا کمانے والا کوئی نہیں ہے۔

اس حوالے سے کمیٹی کے رکن خلیل الصالح نے میڈیا کو مزید بتایا کہ یونیورسٹی ڈگری رکھنے والی بیروزگار ماؤں کو 750 کویتی دینار یعنی ( 2 ہزار 485 ڈالر) ڈپلومہ ہولڈرز کو 600 (1 ہزار 988 ڈالر) اور ہائی اسکول پاس کرنے والی ماؤں کو 500 دینار (1 ہزار 56 ڈالر) ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔

خلیل صالح نے وزارت خزانہ کا وظیفے کی منظوری دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید بتایا کہ انھوں نے وظیفے کی رقم میں ہر تین سال بعد 10 فیصد یا کم سے کم 100 دینار کے اضافے کی تجویز بھی دی ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے وظیفے کی منظوری کے باوجود ابھی حکومت سے منظور ہونا باقی ہے تاہم امید ہے کہ یہ رسمی کارروائی ہو گی اور حکومت کی جانب سے وظیفے کی رقم کی منظوری دیدی جائے گی۔

مزیدخبریں