آسٹریلیا کیخلاف فائنل میں کیسی بیٹنگ کرنی ہے؟ محمد عامر نے بابر اور رضوان کو مشورہ دیدیا

آسٹریلیا کیخلاف فائنل میں کیسی بیٹنگ کرنی ہے؟ محمد عامر نے بابر اور رضوان کو مشورہ دیدیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے کہا ہے کہ بابراعظم اور محمد رضوان کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں آسٹریلیا کیخلاف سیمی فائنل میں مثبت سوچ کے ساتھ بیٹنگ کرنا ہو گی۔ 
محمد عامر نے کہا کہ ابوظہبی اور دبئی میں میچز کے دوران کرکٹ ٹیمیں 160 کے قریب مجموعہ بنانا چاہتی ہیں اور اس مقصد کیلئے پاور پلے کا فائدہ اٹھانا ہوتا ہے۔ اگر سکاٹ لینڈ کے خلاف میچ دیکھیں تو کمزور باؤلنگ کے باوجود پاکستان نے پاور پلے کا فائدہ نہیں اٹھایا اور پھر آخری اوورز میں جارحانہ کرکٹ کھیلی مگر آسٹریلین ٹیم ایسا نہیں کرنے دے گی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلین ٹیم آخری 4 اوورز میں 60 رنز نہیں بنانے دے گی لہٰذا پاکستان کو پہلی گیند سے ہی جارحانہ کرکٹ کھیلنا ہو گی۔ اگر آپ بڑی ٹیموں کے خلاف میچ کے آغاز میں ہی بقاءکی جنگ لڑیں گے تو وہ آخری اوورز میں کم بیک کا ذرا بھی موقع میسر نہیں ہونے دیں گی، ہمیں 160 رنز بنانے کیلئے پاور پلے میں 35 سے 40 رنز بنانا ہوں گے۔ 
محمد عامر نے کہا کہ پاکستان کا اصل امتحان آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل سے شروع ہو گا کیونکہ میرے خیال میں گروپ سٹیج میں اگر کوئی ٹیم پاکستان کو تگڑا مقابلہ دے سکتی تھی تو وہ بھارت بھی مگر ہم یو اے ای کی کنڈیشنز کو بہت اچھی طرح جانتے ہیں جس کا ابھی تک ہمیں بہت فائدہ بھی ملا ہے۔ 
فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ آسٹریلین ٹیم بہت اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے اور اسے شکست دینے کیلئے پاکستان کو اس سے بھی اچھی کرکٹ کھیلنا ہو گی۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف 160 رنز کا ہدف 16 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لینا کوئی مذاق نہیں ، بلکہ اس کا مطلب ہے کہ آسٹریلین ٹیم ردھم میں ہے۔