سابق بھارتی کپتان کپیل دیو ٹیم انڈیا پر برس پڑے

11:54 AM, 8 Nov, 2021

ممبئی: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے آؤٹ ہونے پر سابق ٹیسٹ کرکٹر کپیل دیو ٹیم انڈیا پر برس پڑے ۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو میں سابق بھارتی کپتان کپیل دیو نے کہا ہے کہ جب کھلاڑی ملک کے لیے کھیلنے کی بجائے انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) کو ترجیح دیں گے تو پھر یہ ہی ہوگا ۔

کپیل دیو نے کہا کہ  پیسے کے لئے بھارتی ٹیم کے کھلاڑی پتہ نہیں کس حد تک گذر جاتے ہیں ۔ ٹیم کو بھارت کے لئے کھیلنا چاہئے پیسے کے لئے نہیں ۔کھلاڑیوں نے صرف پیسہ ہی نہیں کمانا ہوتا بلکہ ملک کے وقار کے لئے  کھیلنا بھی ہوتا ہے ۔

کپیل دیو کا کہنا تھا کہ جب کھلاڑی ملک کے وقار سے زیادہ پیسے کے لئے کھیلیں گے تو پھر ایسا ہی ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑی آئی پی ایل کو ہی سب کچھ سمجھتے ہیں۔

کپیل دیو نے کہا کہ کسی بھی ملک کے کھلاڑی کے لئے سب سے پہلے اس کے ملک کا وقار ہونا چاہئے اس کے بعد فرنچائزز ہونی چاہئیں  لیکن ہماری ٹیم کے کھلاڑیوں نے ورلڈکپ کو بھی انڈین پریمیئر لیگ کے انداز میں ہی کھیلا ۔

انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ فرنچائز کے لیے کرکٹ نہ کھیلو ٹیم کو ضرور کھیلنا چاہئے لیکن ذمہ داری اب بی سی سی آئی پر ہے کہ وہ اپنی کرکٹ کو بہتر انداز میں پلان کرے، اس ٹورنامنٹ میں ہم نے جو غلطیاں کی ہیں اسے نہ دہرانا ہمارے لیے سب سے بڑا سبق ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ ابھی بھی وقت ہے صحیح پلاننگ کرکے مستقبل کو ٹھیک کیا جاسکتا ہے ورنہ مجھے لگتا ہے کہ آئی پی ایل اور ورلڈکپ کے درمیان کوئی فرق نہیں رہے گا۔  
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے گروپ میچ میں افغانستان کو شکست دی جس سے بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے آؤٹ ہوگیا ۔

مزیدخبریں