اداروں کو ٹارگٹ کرنے کے بہانے ڈھونڈے جا رہے ہیں: مصطفیٰ کمال

09:15 PM, 8 Nov, 2020

کراچی : پاکستان سرزمین پارٹی کےسربراہ مصطفیٰ کمال نے حکومت اور اپوزیشن کو دعوت دی ہے کہ عوام کی بہتری اور ملک کی ترقی کے لئے گرینڈ جرگہ اور نیشنل ڈائیلاگ شروع کیا جائے۔

کراچی کے باغ جناح میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آج قومی اداروں کو ٹارگٹ کرنے کے لئے بہانے تلاش کئے جا رہے ہیں،لیکن سب کو سوچنا چاہئے کہ یہ قومی ادارے بھی ہمارے اپنے ہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ   پیپلز پارٹی نے اپنی نااہلی اور کرپشن چھپانے کے لئے  کیماڑی کو ضلع  بنایا، لیکن شہر کو زبان کی بنیاد پر تقسیم نہیں ہونے دیں گے ۔  سربراہ پی ایس پی کا کہنا ہے کہ کراچی کے پیسے سے دیگر شہروں میں جدید ٹراسپورٹ نظام آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں میٹرو ٹرین چل رہی ہے جس کی ہمیں بہت خوشی ہے لیکن کراچی میں ٹریفک کا نظام بدترین حالات سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب  ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے۔ 

پاک سرزمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کچھ لوگ سازشیں کرتے ہیں۔ کراچی والو کا کوئی وارث نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے سمجھ لیا ہے کہ جلسہ کرو اور کراچی پر قبضہ کر لو۔ انیس قائم خانی نے کہا کہ کراچی کا وارث صرف سید مصطفیٰ کمال ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کی سڑکیں بناؤ اور  کراچی والوں کو نوکری دو۔انیس قائم خانی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی والوں کو تنبیہ کرتا ہوں کہ اگر کراچی کو اس کا حق نہیں دیا تو آج یہ جلسہ جو یہاں جمع ہوا ہے، اگلی مرتبہ سڑکوں پر ہوگا۔

مزیدخبریں