قائداعظم ٹرافی،ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی،سرفراز اور عثمان صلاح الدین پر جرمانہ عائد

02:51 PM, 8 Nov, 2020

کراچی:شہر قائد میں جاری قائد اعظم ٹرافی میں سابق کپتان سرفراز احمد کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنا مہنگا پڑگیا جبکہ انکےساتھ عثمان صلاح الدین کو بھی اسی وجہ سے جرمانہ کردیا گیا۔


تفصیلات کےمطابق قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے میچ میں کھلاڑی اور سپورٹ سٹاف کیلئے مقررہ ضابطہ اخلاق کے لیول ون کی خلاف ورزی کرنے پرسندھ کے کپتان سرفراز احمد پر میچ فیس کا35 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔ 


یونائیٹڈ بینک سپورٹس کمپلیکس کراچی میں ناردرن کے خلاف جاری میچ کے دوسرے روزسرفراز احمد کو امپائر کے ایک فیصلے کے خلاف متعدد مرتبہ نامناسب تبصرہ کرنے پرجرمانہ عائد کیا گیاہے۔


آن فیلڈ امپائرز فیصل آفریدی اور ثاقب خان نے سرفراز احمد کو پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی شق 2.21 کی خلاف ورزی کرنے پر رپورٹ کیا۔سرفراز احمد کی جانب سے اعتراف جرم کرنے پر میچ ریفری محمد انیس نے سندھ کے کپتان پر جرمانہ عائد کردیا۔


کھلاڑی اور سپورٹ سٹاف کیلئے مقررہ ضابطہ اخلاق کے لیول 1 کی خلاف ورزی کرنے پر سنٹرل پنجاب کے بیٹسمین عثمان صلاح الدین پر بھی میچ فیس کا20 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔


عثمان صلاح الدین پر بلوچستان کے خلاف فرسٹ کلاس میچ میں کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچانے پرجرمانہ عائد کیا گیا۔یہ واقعہ سنٹرل پنجاب کی پہلی اننگز کے 26ویں اوور میں اس وقت پیش آیا جب عثمان صلاح الدین ایل بی ڈبلیو آؤٹ دئیے جانے پرامپائر کوگمراہ کرنے کی غرض سے مسلسل بلا دکھاتے رہے۔


آن فیلڈ امپائرز غفار کاظمی اور ناصر حسین سینئر نے عثمان صلاح الدین کو پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی شق 2.20 کی خلاف ورزی کرنے پر رپورٹ کیا۔عثمان صلاح الدین کی جانب سے اعتراف جرم کرنے پر میچ ریفری افتخار احمد نے بیٹسمین پر جرمانہ عائد کردیا۔

مزیدخبریں