گرفتار ہو جاؤں گا ،گلگت کے عوام کو اکیلا چھوڑ کر نہیں جاؤں گا :بلاول بھٹو زرداری

02:25 PM, 8 Nov, 2020

گلگت :چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گرفتار ہو جاؤں گا لیکن گلگت کے عوام کو اکیلا چھوڑ کر نہیں جاؤں گا اور الیکشن سے آؤٹ کرنے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔


تفصیلات کے مطابق گلگت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آخری ووٹ اور گنتی تک گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ ہوں جبکہ الیکشن بارے اپوزیشن جماعتوں کے خدشات ہیں،ہم کسی صورت دھاندلی کی قوتوں کوایسا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔


چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کےعوام کے حق حاکمیت، صوبہ، حقوق لے کر رہیں گے،انتخابات سے مجھے الگ کرکے من پسند نتائج حاصل کرنا ممکن نہیں ہیں،گلگت بلتستان کے چپے چپے میں پیپلز پارٹی قیادت عوام سے جاکر ملی ہے اور گلگت کے عوام پیپلز پارٹی کو چاہتے رہیں گے۔


واضح رہے کہ گلگت بلتستان کے انتخابات 15 نومبر کو منعقد ہونے جارہے ہیں  اور اسی سلسلے میں سیاسی جماعتوں کی مہم زور و شور سے جاری ہے جبکہ بلاول بھٹو زرداری سمیت پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز بھی گلگت بلتستان میں بھرپور سیاسی مہم چلاتی نظر آرہی ہیں۔

مزیدخبریں